سوال: غیر اللہ کے لئے جانور ذبح کرنے کا کیا حکم ہے اور کیا ایسے ذبح کردہ جانور کا گوشت کھانا جائز ہے؟
جواب: غیر اللہ کیلئے جانور ذبح کرنا شرکِ اکبر ہے۔ کیونکہ ذبح کرنا بھی عبادت ہے جیساکہ اللہ تعالیٰ نے اس کا حکم دیا ہے اور فرمایاہے :
{فَصَلِّ لِرَبِّکَ وَانْحَر} - -الکوثر:۲-
’’اپنے رب کے لئے نمازپڑھ اور قربانی کر ‘‘۔
اور فرمایا :
{قُلْ إِنَّ صَلَاتِیْ وَنُسُکِیْ وَمَحْیَایَ وَمَمَاتِیْ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ لَاشَرِیْکَ لَہُ وَبِذَالِکَ أُمِرْتُ وَأَنَا أَوَّلُ الْمُسْلِمِیْنَ} - -الانعام:162-163-
’’آپ کہہ دیں کہ میری نماز، میری قربانی ، میری زندگی اور میری موت اللہ رب العالمین کے لئے ہے۔ اس کا کوئی شریک نہیں ہے۔ مجھے اسی کام کاحکم ملا ہے اور میں سب سے پہلا فرماں بردار ہوں ‘‘۔
لہٰذا جو شخص غیر اللہ کے نام پر ذبح کرتاہے وہ دین سے خارج کردینے والے شرک کا مرتکب ہوتاہے۔ خواہ وہ کسی فرشتے کے لئے ذبح کرے یا کسی نبی اور رسول یا خلیفہ اور ولی یا عالم دین کے لئے کرے۔ یہ تمام ترشرک ہے اور دین سے خارج کردینے والا عمل ہے۔ انسان کے لئے ضروری ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ سے ڈر کر رہے اور خود کو ایسے شرک میں نہ ڈالے جس کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
{ إِنَّہُ مَنْ یُّشْرِکْ بِاللّٰہِ فَقَدْ حَرَّمَ اللّٰہُ عَلَیْہِ الْجَنَّۃَ وَمَأْوَاہُ النَّارُوَمَا لِلظَّالِمِیْنَ مِنْ أَنْصَارٍ}- -المائدۃ:72-
’’اور جو شخص اللہ تعالیٰ کے ساتھ شرک کرتاہے اس کے لئے اللہ تعالیٰ نے جنّت کو حرام کردیاہے۔ اس کا ٹھکانہ دوزخ ہے اور ظالموں کا کوئی مددگار نہیں ہے ‘‘۔
اس قسم کے جانوروں کاگوشت کھانا بھی حرام ہے کیونکہ یہ غیر اللہ کے لئے چڑھاوے کے طور پر پیش کی گئی ہے جوبھی چیز غیر اللہ کیلئے نذر ونیاز کے طور پر پیش کی جائے یا نصب شدہ مجسّموں کیلئے ذبح کی جائے وہ حرام ہے اللہ تعالیٰ نے سورت مائدہ میں فرمایا ہے :
{حُرِّمَتْ عَلَیْکُمُ الْمَیْتَۃُ وَالدَّمُ وَلَحْمُ الْخِنْزِیْرِ وَمَا أُہِلَّ لِغَیْرِ اللّٰہِ بِہٖ وَالْمُنْخَنِقَۃُ وَالْمَوْقُوْذَۃُ وَالْمُتَرَدِّیَۃُ وَالنَّطِیْحَۃُ وَمَا أَکَلَ السَّبُعُ إِلاَّ مَاذَکَّیْتُمْ وَمَا ذُبِحَ عَلیَ النُّصُبِ } - -المائدۃ:۳-
’’تمہارے لئے مردار ، خون، خنزیر کا گوشت، غیر اللہ کے نام پر ذبح کیا گیا جانور، گلاگھٹ کر مرنے والا جانوراور جسے درندے نے کھالیا ہو، ماسوا اس کے جو تم نے ذبح کرلیا ہو، سب حرام کردیئے گئے ہیں ‘‘۔
لہٰذا وہ تما م ذبح کردہ جانور جنہیں غیر اللہ کے نا م پر ذبح کیا گیا ہو انہیں کھانا حرام ہے۔






