سوال : ایک عورت جادوکرتی ہے اس سے بہت سے لوگوں کو نقصان بھی پہنچا ہے اس جادوگر عورت کے متعلق شریعت کی کیا ہدایات ہیں۔ اس سے کیسے نجات حاصل کی جاسکتی ہے؟
جواب : جادو ایک شیطانی کام ہے کیونکہ جادوگر جنّوں کے نام پر جانور ذبح کرکے ان کاقرب حاصل کرتاہے اور اللہ تعالیٰ کوچھوڑ کر ان سے دعا کرتاہے یا وہ نماز کوچھوڑ کراور پلید چیزیں وغیرہ کھاکر ان کا تقرّب حاصل کرتاہے تاکہ شیطان اور سرکش جِنّ ا س کے کام آئیں۔ پھر وہ جس کے پاس چاہتاہے اسے جا چمٹتے ہیں اوروہ قتل بھی کردیتے ہیں۔کئی کاموں میں رکاوٹ بن جاتے ہیں۔میں بیوی کو ایک دوسرے سے جدا کر دینے جیسے کام کرتے ہیں۔
مذکورہ بالا امور کے پیش نظر جادوگرمشرک اور کافر ہے کیونکہ وہ اس قسم کے کافرانہ کام کرکے غیر اللہ کاقرب حاصل کرتاہے۔ یہی وجہ ہے کہ شریعت نے اسے قتل کرنے کا حکم دیاہے۔ یہ بات حضرات عمر بن خطاب ، حفصہ اور جندب رضی اللہ عنہم سے ثابت ہے۔
لہٰذا جادو گری میں مشہور اس عورت کو ایسے ہی چھوڑدینا جائز نہیں ہے۔ اگر آ پ کے پاس دلائل وشواہد موجود ہوں تو اس کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کو سامنے رکھتے ہوئے اس کا کیس عدالت میں پیش کیاجانا چاہئے تاکہ اسے قتل کردیا جائے اور لوگوں کو اس سے نجات مل جائے۔ گھر کے مالک اور سربراہ کے لئے بھی ضروری ہے کہ وہ اس عورت کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرے خواہ وہ اس کی والدہ ہی کیوں نہ ہو کیونکہ یہ کام کفر بھی ہے اور اللہ کے بندوں کیلئے نقصان دہ بھی۔ جب اسے قتل کردیاجائے گاتو دوسرے لوگ اس سے سبق حاصل کریں گے اور اس شیطانی کام سے بازرہیں گے۔
اگر سب لوگ اس صورت حال کوتبدیل کرنے سے انکار کردیں اور اس عورت سے خوش ہوتے ہوئے اسے اسی حالت پر چھوڑدیں تو پھر تم اس کے ذمّہ دار ہوکیونکہ تم اسے جانتے ہو۔ اس کی بناپر ہونے والے تمام واقعات کو نوٹ کرتے جائیں اور جس قدر دلائل وشواہد خودمعلوم کرسکو یا اس کے ہمسایوں سے معلوم کرسکو انہیں محفوظ کرلو۔ جب کافی معلومات مہیّاہوجائیں تو اس کا کیس شرعی عدالت میں پہنچادو تاکہ وہ اسے اس کے انجام تک پہنچادے ، حدیث میں بیان ہواہے کہ :
’’جادوگر کی سزا یہ ہے کہ اس کا سر قلم کردیا جائے ‘‘۔ - صحیح سنن ترمذی، کتاب الحدود، باب ما جاء فی حدّ السّاحر۔حدیث: 1460- - - ضعیف- -
ان تکلیف دہ حالات میں خاموشی سادھ لینا تمہارے لئے ناجائز ہے۔ علاوہ ازیں ہم تمہیں درج ذیل باتوں پر عمل پیرا ہونے کی نصیحت کرتے ہیں :
۔۱ کثرت سے ذکر الٰہی ، تلاوت قرآن مجید اور صبح وشام کے وظائف کے ذریعے تحفظ حاصل کریں۔ یہ چیزیں تمہیں جنّوں اور جادوگروں سے محفوظ رکھیں گی۔
۔۲ ہم آپ کو دوسری نصیحت یہ کریں گے کہ اگر آپ کوکوئی نقصان پہنچا ہو تو اس کا علاج مشہور قرّاء کے ذریعے مسنون دَم کے ساتھ کرائیں۔ اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کلام اور مسنون دعائوں کے ذریعے دم کریں۔ یہ ہمارے ملک میں بکثرت موجود ہیں۔ اس کے ذریعے اللہ تعالیٰ نے بہت سے لوگوں کوفائدہ پہنچا یا ہے۔ وصلی اللہ علی محمد وآلہ وسلم۔






